اسلام آباد (بگ ڈیجٹ) قبضہ مافیا نہیں چلے گا! سی ڈی اے کا بڑا ایکشن، آئی ایٹ مرکز میں پارکنگ پر مبینہ قبضے کے خلاف کارروائی
اسلام آباد (بگ ڈیجٹ)این ٹی این نیوز کی رپورٹ پر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے حکام فوری طور پر حرکت میں آگئے ہیں اور وفاقی دارالحکومت کے مصروف تجارتی مرکز آئی ایٹ میں عوامی پارکنگ پر مبینہ غیر قانونی قبضے کے خلاف باقاعدہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق این ٹی این نیوز نے آئی ایٹ مرکز میں “کوئٹہ کیفے” کے نام پر عوامی پارکنگ ایریا پر مبینہ قبضے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کی نشاندہی کی تھی۔ خبر نشر ہونے کے بعد سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ونگ اور متعلقہ حکام نے فوری نوٹس لیتے ہوئے موقع پر کارروائی شروع کر دی تاکہ سرکاری اراضی اور پارکنگ کی جگہ کو واگزار کرایا جا سکے۔اہلِ علاقہ اور آئی ایٹ مرکز آنے والے شہریوں نے اس بروقت نشاندہی اور انتظامیہ کے فوری ایکشن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ تجارتی مراکز میں پارکنگ کی جگہوں پر قبضے کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوتی ہے اور عام شہریوں کو گاڑیاں کھڑی کرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔سی ڈی اے حکام کا اس حوالے سے واضح مؤقف ہے کہ عوامی پارکنگ اور سرکاری اراضی صرف شہریوں کی سہولت کے لیے مختص ہے، اسے کسی کی ذاتی جاگیر نہیں بننے دیا جائے گا اور تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔