اسلام آباد (بگ ڈیجٹ) اقبال کی تمام شاعری قرآن و سنت کا نچوڑ ہے: پروفیسر زید گل خٹک
اسلام آباد (بگ ڈیجٹ): اقبال کی تمام شاعری قرآن و سنت کا نچوڑ ہے: پروفیسر زید گل خٹک
فلسطین میں ظلم و ستم جاری ہے ہمیں خاموش نہیں رہنا چاہئیے: ڈاکٹر شعیب سڈل
اللہ تعالیٰ ایٹمی طاقت پاکستان کو نظر بند سے محفوظ رکھے: تقریب سے فلسطینی مفکر مفتی ڈاکٹر محمود یوسف الشوبکی و دیگر کا خطاب
حیرت انگیز ہے کہ آج سوشل میڈیا پر جس نے اقبال کی ایک نظم بھی توجہ سے نہیں پڑھی وہ اپنا فلسفہ بھگارتے نظر آتے ہیں کہ علامہ اقبال نے پاکستان کا تصور پیش نہیں کیا تھا۔ بلاشبہ وہ اقبال ہی تھے جنہوں نے جنوبی ایشیا میں مسلمانوں کی خود مختاری الگ پہچان اور ان کیلئے آزاد وطن کا تصور پیش کیا۔ اقبال ایسا یونٹ بنانا چاہتے تھے جہاں احیائےاقدار اسوہ حسنہ رونما ہو سکیں اور عالم اسلام اپنی زندگی کے مقاصد کو پہچان سکیں ان خیالات کا اظہار پروفیسر زید گل خٹک نے ایوان قائد میں نظریہ پاکستان کونسل ٹرسٹ کے زیر اہتمام یوم اقبال کی تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کیا جسکا موضوع تھا “عظیم تر پاکستان، فکر اقبال کی روشنی میں” انہوں نے مزید کہا کہ ۔ حکیم الامت کی تمام شاعری قرآن و سنت کا نچوڑ ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس پر عمل پیرا ہوں۔
تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر شعیب سڈل نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم آجکل مختلف راہوں پر چل پڑے ہیں اللہ کرے ہماری مشکلیں جلد حل ہوں اور ہم اس راہ پر چل پڑیں جسکی اقبال نے خبر دی۔ ہمارا دین ہمیں مادر پدر آزادی نہیں سکھاتا بلکہ دینی پابندیوں پر عمل کرتے ہوئے نہ صرف انفرادی سطح پر بلکہ پورے معاشرے کو تبدیل کر سکتے ہیں۔ میرا نہیں خیال کہ ہمیں فلسفہ اقبال کے مطابق کوئی سیاسی راہنما ملے گا تاہم بحیثیت ہمیں انکے فلسفے کی روح تک پہنچنا چاہئیے۔ مجھے خوشی ہے کہ آج میں اس محفل میں موجود ہوں جہاں غزہ اور فلسطین میں جاری ظلم و ستم کی مزمت کی رہی ہے۔ غزہ میں ظلم ہورہا ہے ہمیں خاموش رہنے کے بجائے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئیے۔
کونسل کے چیئرمین میاں محمد جاوید کا کہنا تھا کہ اقبال نہ صرف خود ایک روشن خیال مفکر تھے بلکہ روشنی کو پسند کرتے تھے۔ انکی شاعری میں سورج، چاند ستاروں کا بارہا ذکر ملتا ہے۔ اقبال پوری انسانیت کی بات کرتے ہیں اور انکا پیغام آفاقی ہے۔
غزہ فلسطین سے تشریف لائے ہوئے مہمان الشیخ ڈاکٹر مفتی محمود یوسف الشوبکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ اقبال مفکر پاکستان ہی نہیں بلکہ مفکر امت ہیں۔ انہوں نے ہمیں ایک امت کا تصور دیا ہے۔ نظریہ پاکستان کونسل کا شکریہ کہ انہوں نے مجھے یہ موقع دیا۔ اقبال سچے مسلمان اور قیمتی انسان تھے انہوں نے سب سے پہلے فلسطین کا معاملہ اٹھایا تھا اور امت کو دعوت دی کہ ان کے ساتھ کھڑے ہوں۔ ہمیں صہیونی اور اسرائیلی منصوبوں سے آگاہ رہنا چاہئے انکے ہر ایجنڈے میں پاکستان شامل ہوتا ہے اور ان کی نظریں لگی ہیں کہ یہ واحد مملکت اسلامیہ ہے جو ایٹمی پاور ہے۔ اللہ پاک پاکستان کو ہر میلی آنکھ سے محفوظ رکھے۔
تقریب کے مہمان اعزاز ڈاکٹر عبدالغفور عابد نے کہا کہ اگر کسی علامہ اقبال اور انکی فکر کو سمجھنا ہے تو انکی ان تین کتابوں کو حفظ کرلے۔ ایک انگریزی کتاب اقبال اینڈ ری کنسٹرکشن آف ریلیجس تھاٹس، دوسری فارسی کی پس چہ باید کرد اور تیسری حیات اقبال۔ سوشل میڈیا پر جو خط گردش کرتا پھرتا ہے وہ اے آئی کا کرشمہ ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اقبال کو ہر سطح کے طلبہ کے نصاب کا حصہ بنایا جاے۔
دوسرے مہمان اعزاز محمد ادریس آزاد نے کہنا تھا کہ اقبال نے کہا خدا نے اس قوم کی حالت نہیں بدلی جس کو خود اپنی حالت بدلنے کا خیال نہ ہو۔ اسی طرح قرآن کی آیت بھی ہے جس کا یہ ترجمہ ہے۔ اقبال نے کہا مسلمانوں کیلئے صنعتی تعلیم بہت ضروری ہے۔ اقبال نے کہا بد بخت ہے وہ قوم جس کے پاس معدنیات ہوں اور باہر کے لوگ وہ معدنیات لے جائیں اور پھر وہ باہر سے مینوفیکچر ہو کر دوبارہ اسی قوم کے پاس آئیں۔
فکر اقبال کے چیئرمین سید ظہیر گیلانی نے اپنے مضمون میں کہا کہ اقبال کو بجا طور پر شاعر مشرق کہا جاتا ہے کیونکہ انکی شاعری نے نہ صرف برصغیر کے مسلمانوں کو نئی فکری جہت دی بلکہ پورے مشرق کو بیداری کا پیغام دیا۔ اقبال کی شاعری محض فن برائے فن نہیں بلکہ فن برائے ارفع مقاصد ہے۔ اقبال کی شاعری محض جمالیاتی اظہار نہیں بلکہ ایک علمی و فکری نظام کی تشکیل ہے۔
آئی ایل او کے سی ای او وحید رومی نے کہا کہ ہم نے اتحاد، تنظیم اور ایمان کی ری پروگرامنگ کرنی ہے۔ ہم قائد اعظم اور علامہ اقبال کے مشن کو دوبارہ پڑھیں گے تاکہ ہم اپنی ریاست کو عظیم ریاست بنا سکیں، نظریہ پاکستان کونسل ٹرسٹ کے بانی چیئرمین زاہد ملک مرحوم کا عظیم خواب تھا کہ ہم نے پاکستان کے نوجوانوں کے اذہان کی آبیاری کیسے کرنی ہے۔ تقریب کے آغاز میں احمد محمود الزماں نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی جبکہ حمید قیصر نے تقریب کی میزبانی کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال ایسی ہستی ہیں جنہوں نے اپنے فہم و ادراک سے نہ صرف برصغیر پاک و ہند بلکہ پوری دنیا کو متاثر کیا۔ ہم خوش نصیب ہیں کہ اقبال عالم اسلام کو اتنا ہی عزیز ہے جتنا پاکستان کو عزیز ہے۔